منگلورو:3؍دسمبر (ایس اؤ نیوز) بحرۂ عرب میں مچھلیوں سے بھری کشتی ڈوبنے سے جن چھ ماہی گیروں کو اپنی جانیں گنوانی پڑی ہیں وہ سب کوسٹ گارڈ کی ٖغفلت کا نتیجہ ہے، اس بات کا الزام لگاتے ہوئے بدھ کومنگلورو کے ماہی گیروں نے اپنے کاروبار کو بند رکھ کر احتجاج کیا۔
ماہی گیروں کے احتجاج کے چلتے منگلورو بندرگاہ سمیت کئی جگہوں پر مچھلیوں کا کاروبار بند رہا۔ بندرگاہ پر ماہی گیرو ں نے گیٹ بند کرکے مچھلی بیچنے پر پابندی لگادی۔ اسی دوران مچھلی بیوپاریوں نے بندرگاہ پر محفوظ رکھی گئی مچھلیوں کو دوسری جگہ منتقل کرنے کی کوشش کی تو ماہی گیروں نےموقع نہ دیتے ہوئے اپنی برہمی کااظہار کیا۔
ماہی گیر لیڈران نے کہا کہ حادثے کے وقت کوسٹ گارڈکے افسران اپنی کرسیوں پر بیٹھ کر ہی آرڈر دے رہے تھے، کسی طرح کی کوئی عملی کوشش نہیں کی، ماہی گیروں نے ہی سمندر میں اتر کر عملی کوشش کی ۔ احتجاج کے لئے سیکڑوں ماہی گیر بندرگاہ پر جمع تھے جس کودیکھتےہوئے پولس بندوبست کیاگیا تھا۔ اسی طرح حادثے میں کوسٹ گارڈ عملے کی غفلت کی کڑی مذمت کرتےہوئے شہر کے اسٹیٹ بینک علاقےمیں موجود مچھلی مارکیٹ کو مکمل بند کرکے تعزیت میں شامل ہوئے۔ اسی طرح بجپے ، اروا، الکے سمیت شہر ی علاقے کی مچھلی مارکیٹ بھی بند تھیں۔ سڑک کنارے مچھلی بیچنے والوں نے بھی اپنے کاروبار کو بند رکھتے ہوئے ماہی گیروں کے دکھ میں شامل ہوئے۔
اس سلسلے میں پرشین بوٹ مالکان سنگھا کے سابق صدر موہن بینگرے نے کہاکہ جب بھی ماہی گیر مصیبت میں گھرتے ہوئے ہیں تو ماہی گیر ہی متحدہ طورپر ان کی مدد کرتےہیں، بوٹ ڈوب کر 6ماہی گیر ہلاک ہونا بہت بڑا سانحہ ہے۔ حادثے کو دیکھتے ہوئے بہت سارے ماہی گیروں نے اپنی کشتیوں کو کنارے لگا کر کام کو بند رکھا۔ بدھ کو مکمل بند منایاگیا ، اس طرح مہلوک ماہی گیروں کے خاندانوں کے دکھ میں شریک ہونےکی ہم نے کوشش کی ہے۔
سیاست دانوں کا دورہ اور تعزیت :کشتی غرقآب حادثے میں ہلاک ہونے والے افراد کی نعشیں پوسٹ مارٹم کے لئے وینلاک اسپتال کے مردہ گھر لائی گئی تھیں ، اس وقت کئی سیاست دانوں اورپارٹی لیڈران نے مردہ گھر پہنچ کر مہلوکین کے خاندان والوں سے ملاقات کرنے والے منظر دیکھے گئے۔ نگراں کار وزیر کوٹا شری نواس پجاری ، رکن اسمبلی ویدویاس کامت، یوٹی قادر، لال جی ٹنڈن، سابق ارکان اسمبلی جے آر لوبو، ایس ڈی پی آئی لیڈر عطاء اللہ ، ڈی وائی ایف آئی کے ضلع صدر بی کے امتیاز ، منیب بینگرے وغیرہ نے مردہ گھر پہنچ کر گھروالوں سے تعزیت کی اور واقعے پرگہرے دکھ کا اظہار کیا۔